Wednesday, 13 November 2024, 05:01:56 am
 
این ٹی ڈی سی کی تنظیم نو کرکے تین نئی کمپنیوں میں تقسیم کیا جائے گا، وزیرتوانائی
November 09, 2024

فائل فوٹو

وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے اعلان کیا ہے کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی تنظیم نو کرکے اسے تین نئی کمپنیوں میں تقسیم کیا جائے گا تاکہ ملک بھر کے صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

انہوں نے آج(ہفتہ کی) شام اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی میں اصلاحات کے ایجنڈے پر موجودہ کام کے دوران یہ دیکھا گیاکہ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کو بڑے پیمانے پر تنظیم نو کی ضرورت ہے تاکہ وہ خوش اسلوبی سے کام کرسکے۔

تنظیم نو کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا کہ سب سے پہلے بجلی کی خریدوفروخت کا ایک خودمختار نظام قائم کیا جائے گا جس سے بجلی کی بہتر انداز میں خریدوفروخت میں مدد ملے گی۔

اس کے بعد نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان قائم کی جائے گی جو بجلی کی فراہمی کا نظام بہتر انداز میں چلائے گی جبکہ ایک تیسری کمپنی انرجی انفرسٹرکچر ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی بجلی کے تمام منصوبوں پر بروقت ' شفاف اور کم خرچ طریقے سے عملدرآمد یقینی بنائے گی۔

وزیر توانائی نے کہا کہ تنظیم نو کا یہ سارا عمل اگلے سال فروری تک مکمل کرلیا جائے گا۔

وزیر توانائی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کل تین ماہ کے بجلی سہولت پیکج کا اعلان صارفین کوسستی بجلی فراہم کرنے کے لئے ہماری کوششوں میں ایک اور سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی قیمتیں مستقل طورپرکم کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔

سردار اویس لغاری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان خطے میں آلودگی سے پاک توانائی استعمال کرنے والا ایک بڑا ملک ہے اور ماحولیاتی آلودگی میں اس کاکوئی کردار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ دس سال میں پاکستان میں توانائی کی اٹھاسی فیصد کھپت آلودگی سے پاک توانائی کے ذریعے ہوگی۔