وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے وقت کا تقاضا ہے کہ پوری امت مسلمہ علامہ اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل پیرا ہو۔
انہوں نے آج (ہفتہ کے روز) لاہور میں مزارِ اقبال پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنا کر علامہ اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کے کامیاب اقدامات سے ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت کی موثر خارجہ پالیسی کی بدولت دنیا کے دوسرے ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ 6ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کا تجارتی معاہدہ اور چین کے ساتھ تعلقات میں استحکام اس کا واضح ثبوت ہے۔