وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری ذرائع ابلاغ کی حمایت کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے قومی اتحاد کے فروغ اور حکومت کے اہم اقدامات پر شہریوں کو آگاہ کرنے میں اس کی اہمیت اُجاگر کی۔
انہوں نے یہ بات آج(ہفتہ کے روز) اسلام آباد میں انفارمیشن گروپ کے آزمائشی مدت کے افسران سے بات چیت کے دوران کہی۔
وزیراعظم نے افسران پر عوام کے ساتھ بامعنی روابط مستحکم کرنے کیلئے کمیونیکشن کے جدید آلات میں مہارت حاصل کرنے کیلئے زور دیا۔
انہوں نے شفافیت یقینی بنانے اور اعتماد بڑھانے کیلئے حکومت اور عوام کے درمیان خلاء پُر کرنے میں انفارمیشن افسران کے کلیدی کردار کا اعتراف کیا۔
وزیراعظم نے افسروں پر زور دیا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے ڈٹ کر پیشہ ورانہ طریقے اور بھرپور عزم کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔
افسران نے اپنی تربیت اور تجربے کے بارے میں تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے قومی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کی۔