Thursday, 26 December 2024, 03:49:21 pm
 
وزیراعظم کی شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت
December 09, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد میں حالیہ فسادات ، پرتشدد واقعات اور سرکاری اورنجی املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے آج(پیر) اسلام آباد میں امن وامان کی صورتحال کے بارے میں اعلی سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسی کو بھی انتشار کے ذریعے تیزی سے مستحکم ہونے والی ملکی معیشت کو سبوتاژ کرنے کیلئے سازش کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

 وزیراعظم نے اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے کہ انتشار پھیلانے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران قانون کی پاسداری کرنے والے کسی بے گناہ شہری کو گرفتار نہ کیاجائے۔

انہوں نے انتشار پھیلانے والوں کی شناخت اوران کے خلاف ٹھوس شوائد اکٹھے کرنے کے عمل کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے انتشارپسندوں کے خلاف قائم کی گئی ٹاسک فورس کو تمام ممکنہ وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

شہبازشریف نے فیڈرل پراسیکیوشن سروس کو وزارت قانون کے ماتحت کرنے کی بھی احکامات دئیے۔

انہوں نے اسلام آباد جیل کا تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے اور اس مقصد کیلئے فنڈز فوری جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کے دائرہ کار کو وسعت دی جارہی ہے اور سیف سٹی کیمرون کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔