وزیراعظم محمد شہبازشریف نے شام سے ہمسایہ ملکوں کے ذریعے واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کی بحفاظت اور فوری واپسی یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے آج(پیر) اسلام آباد میں شام کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاکستانیوں کی واپسی سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ شام سے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے وزارت خارجہ کے کرائسز مینجمنٹ یونٹ، شام اور اس کے ہمسایہ ملکوں میں پاکستانی سفارتخانوں کے انفارمیشن ڈیسک کو وہاں سلامتی کی صورتحال بہتر ہونے تک چوبیس گھنٹے فعال رہنے کی ہدایت کی۔