Tuesday, 11 March 2025, 10:43:01 pm
 
صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے کوشاں ہیں، احسن اقبال
March 10, 2025

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ صحت کے اعشاریے مسلسل تنزلی کا شکار ہیں،اعشاریوں میں بہتری لانے کے لئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

یہ بات انہوں نے ذیابطیس پروجیکٹ کی پہلی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ذیابطیس میں تیسرے، ہیپاٹائٹس میں پہلے، پولیو اور سٹنٹنگ میں شدید ترین متاثرہ ممالک کی صف میں شامل ہے، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر صحت کے شعبے میں بہتری اور بیماریوں کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیماریوں سے بچنے اور لائف سٹائل میں بہتری کے لئے عوامی آگاہی مہم ضروری ہے، بجٹ میں صحت کے لیے نمایاں حصہ مختص کرنا بھی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صحت کا شعبہ صوبوں کو منتقل ہو چکا تاہم وفاقی حکومت کم از کم کوآرڈینیشن کا کردار ضرور ادا کرے گی، اسلام آباد کو دیگر صوبوں کے لیے صحت کے حوالے سے رول ماڈل بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ذیابطیس پروگرام کو دیگر منصوبوں سے ہم آہنگ کرنا بجٹ پر مثبت اثر ڈالے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے اپنا کام خود کریں گے اور وفاق معاونت فراہم کرے گا۔