سینیٹ کو آج(منگل) بتایا گیا کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن سی ایس ایس کے نصاب پر نظرثانی کر رہی ہے۔
وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے سوالات کے وقفے کے دوران ایوان کو بتایا کہ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی قیادت میں ایک کمیٹی نے متعلقہ فریقوں کے ساتھ بات چیت کی ہے اور سول سروسز میں اصلاحات کیلئے مسودے کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقابلے کے امتحان ملک کو بیورو کریسی فراہم کر تے ہیں اور یہ معیاری انسانی وسیلہ بہتر حکمرانی میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔
وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے حزب اختلاف کے رہنما شبلی فراز کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ کے انتخابات سے متعلق معاملہ عدالتوں میں زیرالتواء ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواء حکومت صوبے میں سینیٹ کے انتخابات میں تاخیر کی ذمہ دار ہے۔
وزیر قانون نے کہا کہ سینیٹ کے چیئرمین اور نائب چیئرمین کے انتخابات آئین کے مطابق کرائے گئے۔
سینیٹ نے آج متفقہ طور پر ایک قرارداد کی منظوری دی ہے جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سبز توانائی بالخصوص شمسی توانائی پر منتقلی کے فروغ اور حمایت کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے۔
یہ قرارداد محمد عبدالقادر نے پیش کی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ سولر پینل کے استعمال پر ٹیکسوں کے نفاذ اور فیس اور پابندیوں کے اطلاق جیسے اقدامات سے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور قابل تجدید توانائی کے ہدف کے حصول کیلئے پاکستان کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔