Saturday, 23 November 2024, 02:57:48 am
 
عالمی برادری کی طرف سے افغانستان کو ایک بار پھر تنہا چھوڑنا ایک غلطی ہوگی:معید
September 11, 2021

قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ عالمی برادری کی طرف سے افغانستان کو ایک بار پھر تنہا چھوڑنا ایک غلطی ہوگی۔سینٹر فار ایروسپیس اینڈ سیکورٹی سٹڈیز کے زیر اہتمام ایک بین الاقوامی ویب نار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا افغان طالبان کے ساتھ تعمیری اشتراک عمل کرے تاکہ حکومتی ڈھانچے کے انہدام کو روکا جا سکے اور پناہ گزینوں کے ایک اور بحران سے بچا جا سکے۔ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کیلئے دنیا کے ساتھ رابطے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں سوویت یونین اور افغان مجاہدین کے تنازعے کے بعد مغربی دنیا نے تباہ کن غلطیاں کیں، جن میں یہ غلطیاں بھی شامل تھیں کہ افغانستان کو تنہا چھوڑ دیا گیا اور اپنے اتحادیوں سے انتہائی تعلق رکھنے والوں پر پابندیاں عائد کر دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کو تنہا چھوڑنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتیجے میں پاکستان واحد ملک تھا جس نے تکالیف برداشت کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین کے چانگ ڈو انسٹی ٹیوٹ آف ورلڈ افیئرز کے صدر ڈاکٹر LONG XINGCHUN نے کہا کہ افغانستان کی تعمیر ِ نو میں ہمسایہ ملکوں کو قائدانہ کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سلسلے میں سب سے اہم ملک ہے، انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کو افغانستان تک توسیع دی جانی چاہئے اور افغان معیشت کے استحکام میں گوادر بندرگاہ اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔