Thursday, 10 October 2024, 12:11:46 pm
 
گلوکار اے نئیر کو مداحوں سے بچھڑے سات سال بیت گئے
November 11, 2023

گلوکار اے نئیر کو اپنے مداحوں سے بچھڑے سات سال بیت گئے ۔ اے نئیر کا اصل نام آرتھر نیئر تھا ۔

وہ 1950 میں ساہیوال کے نواحی گاں رانسن آباد میں ایک مسیحی خاندان میں پیدا ہو ئے ۔ انہوں نے اپنا بچپن عارف والا میں گزارا اور پھر لاہور منتقل ہو گئے جہاں انہوں نے سینٹ فرانسس سکول سے میٹرک اور ایف ۔سی کالج لاہور سے گریجویشن کی ۔

اے نئیر نے اپنی فنی زندگی کا آغاز 1974 میں پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام 'نئے فن کار' سے کیا ۔ تاہم وہ جلد ہی ایک پلے بیک سنگر کی حیثیت سے پاکستان فلم انڈسٹری پر چھاتے چلے گئے۔

اے نیئر نے اپنے کیرئیر میں چار ہزار سے زائد فلمی گیت گائے جن میں سے 'اک بات کہوں دلدارا' ، 'چاند تارے گھٹا، پھول شبنم صبا' ، 'پیار تو اک دن ہونا تھا' ، 'جنگل میں منگل تیرے ہی دم سے' وغیرہ بہت مشہور ہوئے ۔

اے نئیر مشہور گلوکار احمد رشدی کو اپنے استاد کا درجہ دیتے تھے ۔ بہترین گلوکار کی حیثیت سے انہوں نے پانچ مرتبہ نگار ایوارڈ بھی اپنے نام کیا ۔اے نئیر 11 نومبر 2016 کے دن حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث لاہور میں انتقال کر گئے ۔