Friday, 22 November 2024, 12:03:56 pm
 
وزیرخارجہ کا افغانستان میں قیام امن کیلئے مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کااعادہ
January 12, 2021

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے آ ج وزارت خارجہ میں افغان حزب وحدت اسلامی کے رہنما محمد کریم خلیلی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس دوران افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہاکہ میں آپ کو اور آپ کے وفد کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں ۔پاکستان اور افغانستان کے مابین گہرے تاریخی اور یکساں ثقافتی و تہذیبی اقدار پر استوار برادرانہ تعلقات ہیں ۔پاکستان کا شروع سے یہی موقف رہا ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ افغان قیادت کو قابل قبول جامع سیاسی مذاکرات ہی اس مسئلے کا واحد حل ہے ۔بین الافغان مذاکرات میں اب تک ہونیوالی پیش رفت خوش آئند ہے ۔پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے ۔ وزیر خارجہ نے دوحہ میں شروع ہونیوالے،بین الافغان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ ہم بین الافغان مذاکرات میں طے کردہ فیصلوں کابھی خیر مقدم کریں گے ۔بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس قیام امن کا ایک نادر موقع موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے ۔بدقسمتی سے بھارت افغانستان میں سپائیلر کا کردار ادا کر رہا ہے اور ہم نے اس حوالے سے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں ۔شا ہ محمودقریشی نے کہاکہ ہم نے افغانستان کے لوگوں کی سہولت کیلئے نئی ویزہ پالیسی متعارف کروائی ہے ۔ہم پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔ہم پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کی جلد، باعزت اور پر وقار وطن واپسی کے متمنی ہیں۔افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ کوئی بھی ملک پاکستان سے زیادہ افغانستان میں قیام امن کا متمنی نہیں ۔ہم سمجھتے ہیں کہ خطے میں امن و استحکام افغانستان میں دیرپا قیام امن سے منسلک ہے ۔ افغان حزب وحدت اسلامی افغانستان کے سربراہ محمد کریم خلیلی نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کو سراہا ۔انہوں نے گذشتہ کئی دہائیوں سے افعان مہاجرین کی میزبانی پر بھی پاکستان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔