بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں حکام نے کل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے متنازعہ دورے سے قبل پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نریندر مودی کے دورے کے دوران بھارتی فوجیوں، پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ مقامی باشندوں نے اس دورے کو پروپیگنڈا مشق قرار دیا ہے ۔
مقامی باشندو ں نے نقل حرکت پر شدید پابندیوں اور سخت نگرانی کی ان کاروائیوں کو ان پابندیوں کو فوجی جبرو مظالم کی توسیع قرار دیا ہے۔
ادھر،بھارتی فوج نے آج بھی وادی کشمیر اور جموں کے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔
بارہمولہ ضلع میں ایک کارروائی کے دوران کم از کم تین نوجوانوں کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ظالمانہ قانون کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں تیز ی کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرائیں۔
حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے ایک بیان میںتنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق فوری طورپر حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی امن کے لئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ۔
نئی دلی میں بھارتی سپریم کورٹ کے وکیل اشوک بھان نے سینٹر فار پیس کے زیراہتمام ایک ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر پاکستان اور بھارت کے تعاون کے ساتھ جنوبی ایشیاکی ترقی کیلئے گیٹ وے کا کردارادا کرسکتاہے۔
اشوک بھان نے کشمیر کو تصادم کے میدان کی بجائے امن اور خوشحالی کے پل کے طور پر دیکھنے کی حمایت کی۔