Wednesday, 08 January 2025, 07:38:04 am
 
حریت کانفرنس کا سوپور قتل عام کے متاثرین کو خراج عقیدت
January 06, 2025

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے سوپور قتل عام کے متاثرین کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کے جنگی جرائم پر اسکا احتساب کریں۔

محمد خان سوپوری، سلیم زرگر اور دیگر سمیت حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے آج سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ سانحہ سوپور مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی وحشیانہ فوجی کارروائیوں کی ایک مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میںسوپور قتل عام کے متاثرہ خاندان 32سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجودانصاف کے منتظر ہیں کیونکہ یہ اندوہناک سانحہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوج کے مظالم کی یاد دلاتاہے۔

انہوں نے کہا کہ  انیس سوترانوے  میں آج کے دن بھارتی بارڈرسکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے سوپور میں دہشت گردی کا بازارگرم کرتے ہوئے 50سے زائد نہتے شہریوں کو شہید اور علاقے میں قیمتی اشیاء کی لوٹ مار کرنے کے علاوہ اہم تجارتی مراکز کو نذر آتش کر دیاتھا۔

اس کے بعد فوجیوں نے قریبی عمارتوں پر بارود، پیٹرول اور مٹی کا تیل چھڑک کر 400سے زائد دکانوں اور مکانوں کو نذر آتش کر دیا جن میں قصبے کے آرام پورہ، مسلم پیر اور کرال ٹینگ جیسے علاقوں کے 75 مکانات بھی شامل تھے۔