اطلاعات و نشریات کے وزیر چوہدری فواد حسین نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ تعاون کریں اور کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ہم نے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو پاکستان کو بھی بھارت جیسی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے۔انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران گھر پر رہیں اور محفوظ رہیں کی پالیسی پر عمل کریں۔فواد چوہدری نے کہا کہ عید کے موقع پر عزیز و اقارب کے پاس جانے کے بجائے ان سے رابطے کے لئے انٹرنیٹ اور فون کے ذرائع استعمال کرنے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری اور ہمارے پیاروں کی حفاظت کے لئے اہم ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ لوگوں کی نقل و حرکت کو محدود رکھنے کے لئے شہروں کے درمیان ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔