وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحول کا تحفظ حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے اور شجرکاری مہم اس حوالے سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔
مون سون شجرکاری کے حوالے سے پیر کے روز ایک ورچوئل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے ایک ارب درخت لگانے کے سونامی پروگرام کوکامیاب بنانے میں مثال قائم کی ہے اور اس کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ماحول کے تحفظ کیلئے پاکستان کی کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔انہوں نے پنجاب میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ڈویژن اور ضلع کی سطح پر شجرکاری کا منصوبہ تیار کریں۔عمران خان نے شجرکاری مہم کی نگرانی اور نتائج مرتب کرنے کیلئے جدید ذرائع کے استعمال کے ذریعے شفافیت یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیراعظم نے یہ بات زور دے کر کہی کہ شجرکاری مہم میں ٹائیگر فورس، طلبا، سول سوسائٹی کے ارکان، سرکاری محکموں اور نجی اداروں کی شرکت یقینی بنائی جائے۔انہیں پنجاب میں شجرکاری کے اہداف اور ان کے حصول کیلئے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔