File Photo
ڈنمارک نے افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد اپنے شہریوں کی مدد کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ڈنمارک کے وزیرخارجہ JEPPE KOFOD نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا ۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب کو افغانستان کی صورتحال سے آگاہ کیا اور پاکستان کا نقطہ نظر بھی ان کے سامنے رکھا ۔انہوں نے افغانستان سے سفارتی عملے ، شہریوں، ذرائع ابلاغ کے افراد اور بین الاقوامی تنظیموں کے اہلکاروں کے انخلاء میں پاکستان کی مدد کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے مجموعی طورپر تیس ملکوں اور بین الاقوامی اداروں کے بارہ ہزار سے زیادہ افراد کے انخلاء میں سہولت فراہم کی ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان ڈنمارک کے ساتھ خاص طورپر تجارت اور معیشت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے کیلئے پرعزم ہے ۔انہوں نے کہاکہ حقیقی مسافروں کی سہولت کیلئے اقدامات کرکے دونوں ملکوں کے افراد کی آمدروفت میں اضافے کی ضرورت ہے ۔وزیرخارجہ نے ڈنمارک کی حکومت پرزوردیا کہ وہ پاکستان میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری کے پیش نظر پاکستان کیلئے سفری شرائط پرنظر ثانی کرے۔انہوں نے ڈنمارک کے ہم منصب کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی جوانہوں نے قبول کرلی JEPPE KOFOD نے شاہ محمود قریشی کو بھی ڈنمارک کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔