وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاک ترکیہ اعلی سطح کی تذویراتی کونسل کے ساتویں اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیے پر دستخط کئے ہیں جس کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تذویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
دستخطوں کی تقریب آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی۔
تقریب کے دوران پاکستان اور ترکیہ نے دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے چوبیس معاہدوں، مفاہمتی یادداشتوں اور پروٹوکول کا تبادلہ کیا جن کا مقصد مختلف شعبوں میں تعاون اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق ایکسپورٹ کریڈٹ بینک آف ترکیہ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان نے مفاہمتی یادداشت کاتبادلہ کیا ہے۔
سینٹرل بینک آف ترکیہ اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان تکنیکی تعاون کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کاتبادلہ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق سامان کی تجارت بڑھانے کے معاہدے کے حوالے سے مشترکہ وزارتی اسٹیٹمینٹ، صنعتی پراپرٹی میں تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کاتبادلہ کیا گیا ہے۔
تجارت میں استعمال ہونے والے اوریجن سرٹیفکیٹس کی تصدیق کی ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت، سماجی اور ثقافتی مقاصد کے لئے ملٹری اور سول پرسنیلز کے تبادلے کی مفاہمتی یادداشت کاتبادلہ کیا گیاہے۔
ائیر فورس الیکٹرانک وارفیئرکے حوالے سے مفاہمتی یادداشت، ملٹری ہیلتھ کے شعبے میں تربیت اور تعاون کا پروٹوکول، ترکیہ کے سیکرٹریٹ آف ڈیفنس انڈسٹریز اور پاکستان کی وزارت دفاعی پیداوار کے درمیان مفاہمتی یادداشت کاتبادلہ کیا گیا ہے۔
ترکیہ کی ایرو اسپیس انڈسٹریز اور نیول ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ انسٹیٹیوٹ، پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت حلال تجارت کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت لیگل میٹرولوجی انفرااسٹرکچر کے قیام کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کاتبادلہ ہواہے۔
زرعی بیجوں کی پیداوار کے حوالے سے تعاون کا معاہدہ ہواہے۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ہائیڈروکاربن کے شعبے میں تعاون کے معاہدے میں ترمیم کا پروٹوکول، انرجی ٹرانزیشن کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، کان کنی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، پانی کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ،تعلقات عامہ اور ابلاغ کے شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، میڈیا اور ابلاغ کے شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت،ثقافت کے شعبے میں تعاون،آڈیو-وژول سروسز کی کو-پروڈکشن کے معاہدے ہوئے۔
مذہبی خدمات اور مذہبی تعلیم کے شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، صحت اور فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں تکنیکی تعاون کی مفاہمتی یادداشت کاتبادلہ کیا گیا ہے۔