Thursday, 13 March 2025, 09:55:58 pm
 
سیکرٹری اطلاعات نے اہم قومی مسائل پرریڈیو پاکستان کے نمایاں کردار کو سراہا
February 13, 2025

ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان نے قدرتی آفات کے دوران عوام میں شعور اجاگر کرنے اور اہم قومی مسائل پر ریڈیو پاکستان کے نمایاں کردار کو سراہا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا قومی نشریاتی ادارہ مختلف علاقائی زبانوں میں پروگرام نشر کر رہا ہے تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے اثرات اور ان خطرات سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کے بارے میں آگاہی فراہم کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کووڈ19 کے دوران، ریڈیو پاکستان نے عوام تک اہم پیغامات اور اپ ڈیٹس پہنچانے کے لیے "ریڈیو سکول" اقدام شروع کیا اور معلومات ملک کے دور دراز علاقوں تک  پہنچانے کویقینی بنایا۔

سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ماحولیاتی مسائل پرتوجہ مرکوز کرنے والا ایک وقف چینل بھی چلا رہا ہےجو دور حاضر کے چیلنجوں سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مزید ترقی کرے گا۔

جب ریڈیو پاکستان کی میڈیا کے بدلتے ہوئے منظر نامے کے مطابق ہونے کے بارے میں سوال کیا گیا تو عنبرین جان نے ریڈیو پاکستان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو تسلیم کیا جو درست اور معتبر خبروں کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں فالوورز کے ساتھ یہ پلیٹ فارم معلومات جمع کرنے اور خبروں کے قابل قدر، معتبر اور فوری ذرائع ثابت ہوئے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ موجودہ ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ اور ریڈیو پاکستان میں ان کی سرشار ٹیم نشریاتی طریقوں سے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر منتقلی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔

اس سٹریٹجک اقدام کا مقصد ریڈیو پاکستان کا پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ رابطہ مضبوط کرنا اور مؤثر اور پرکشش انداز میں معلومات فراہم کرنا ہے۔

اپنے کلمات کے اختتام پر عنبرین جان نے پاکستان کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک صاف ستھرا، صحت مند مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔