Friday, 14 March 2025, 01:32:17 am
 
او آئی سی کا فلسطینی محنت کشوں کو درپیش انسانی اور اقتصادی بحران کے فوری حل پر زور
March 13, 2025

اسلامی تعاون تنظیم نے  مقبوضہ عرب علاقوں میں فلسطینی محنت کشوں کے بحران کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔

یہ اپیل جمعرات کے روز جنیوا میں محنت کشوں کی عالمی تنظیم کی انتظامی گورننگ باڈی کے 353 ویں اجلاس میں کی گئی۔

 وفاقی وزیر برائے سمندرپار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین نے اسلامی تعاون تنظیم گروپ کی جانب سے  مقبوضہ عرب علاقوں میں فلسطینی محنت کشوں کو درپیش انسانی اور اقتصادی بحران کے حل کے لیے عالمی برادری کی مداخلت پر زور دیا۔

انہوں نے کہاکہ فلسطینی محنت کشوں کیلئے باوقار روزگار اور معاشی مواقع  فوری بحال کئے جانے چاہئیں۔

او آئی سی گروپ نے فلسطینی محنت کشوں کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا اوران کی عزت کے تحفظ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اوردیرپا امن وخوشحالی کی راہ ہموار کرنے کیلئے فوری اجتماعی عالمی کوششیں کرنے پر زوردیا۔