سعودی عرب کیلئے نامزد سفیر ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے منگل کے روز اسلام آباد میں وزیرخزانہ حماد اظہر سے ملاقات کی ۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برسوں سے تاریخی تعلقات قائم ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان کے دوطرفہ تعلقات دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان صدیوں پرانے مذہبی ، ثقافتی اور تجارتی تعلقات پر مبنی ہیں۔ حماد اظہر نے کہاکہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس جیسے اقدامات کیے ہیں تاکہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکیں۔ وفاقی وزیر نے سرمایہ کاری اور تجارتی رابطوں کو مزید فروغ دینے ور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے پر زوردیا۔سعودی عرب کیلئے نامزد سفیر نے وزیر خزانہ کو دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے وسیع مواقع کے بارے میں آگاہ کیا۔