Saturday, 23 November 2024, 04:55:50 am
 
پاکستان کا عالمی برادری پر سیاست سے بالاتر ہو کر افغانستان کی مدد کرنے پر زور
September 13, 2021

File Photo

پاکستان نے عالمی برادری پر پھر زور دیا ہے کہ وہ سیاست سے بالاتر ہو کر افغانستان کی مدد کرے تاکہ افغانستان میں معاشی اور انسانی المیے سے بچتے ہوئے افغانوں کے درمیان مفاہمت کو فروغ دیا جاسکے۔یہ بات وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے آج (پیر) خلیج ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں کہی۔پاکستان نے تمام ذمہ دار فریقوں پر زور دیا کہ وہ ماضی سے سیکھیں اور غلطیاں نہ دہرائیں۔وزیرخارجہ نے کہا کہ افغانستان ایک تاریخی دوراہے پر کھڑا ہے جہاں ملک میں جاری تصادم اور غیر مستحکم فضا کا خاتمہ بھی ہو سکتا ہے اور افغانستان کو ریاستی ناکامی کا منہ بھی دیکھنا پڑ سکتا ہے یہ صورتحال اس کے عوام اور خطے کیلئے پریشان کن ہوگی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ساتھ اس صورتحال سے پاکستان کو بھی بہت مسائل کا سامنا رہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے مسئلہ پر جو بھی ہوسکا کریگا تاہم اس کیلئے صورتحال کے مطابق حقیقت پسندانہ سوچ اپنانا ہوگی۔وزیرخارجہ نے امن تباہ کرنے والوں کو خبردار کیا کہ وہ افغانستان میں استحکام کے عمل کو خراب کرنے سے باز رہیں کیونکہ تصادم کی بجائے جنگ سے متاثرہ ملک کے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا ایسے عناصر دنیا کو سائبر پلیٹ فارمز اور بے بنیاد الزامات سے گمراہ نہ کریں۔وزیرخارجہ نے افغانستان کی نئی انتظامیہ سے کہا کہ وہ حقیقی مفاہمتی عمل سے ایسا نظم ونسق یقینی بنائیں جس سے نسل یا صنف کی بنیاد پر خطرات جنم نہ لیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سلامتی اور استحکام کیلئے خطے کو پرامن اور خوشحال دیکھنے کا خواہاں ہے۔