کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پوسٹل سروسز اور الیکشن کمیشن کے لئے 18 ارب روپے سے زائد کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی ہے۔
ای سی سی کا اجلاس اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ہوا جس میں پاکستان پوسٹ آفس کی شراکت دار کمپنیوں اور ایجنسیوں کے تصدیق شدہ واجبات کی ادائیگی کے لیے سولہ ارب ننانوے کروڑ روپے
کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں رواں مالی سال کے دوران چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں بلدیاتی حکومت کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کے لئے ایک ارب 31 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی بہتری سے متعلق مختلف تجاویز کی بھی منظوری دی گئی۔