خزانہ اور محصولات کے وزیر شوکت ترین نے کینیڈا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی روابط مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر Wendy Gilmoor کے ساتھ جنہوں نے ان سے پیر کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ کینیڈا پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ اور کثیرجہتی تعلقات ہیں۔وزیر خزانہ نے کینیڈا کے ہائی کمشنر کو حالیہ معاشی پیشرفت اور اقدامات کے بارے میں بتایا۔انہوں نے کہا کہ محصولات اور برآمدات میں اضافہ، ترسیلات زر بڑھانا اور توانائی کے شعبے کو مستحکم کرنا موجودہ حکومت کی بنیادی ترجیحات ہیں۔کینیڈا کے ہائی کمشنر نے وزیرخزانہ کو بتایا کہ کینیڈا کی تاجر برادری پاکستان میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے اور بجلی کے ترسیلی نظام کے علاوہ کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہت زیادہ مواقع دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان شعبوں میں حکومت کی مدد کینیڈا کے سرمایہ کاروں کو اپنا کاروبار پاکستان میں لانے کی طرف راغب کرے گی۔وزیر خزانہ نے اس موقع پر کینیڈا کی ہائی کمشنر کو کینیڈا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے کیلئے اپنی مکمل حمایت اور مدد کا یقین دلایا۔