وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج(اتوار) سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اسلام آباد ، راولپنڈی اور اٹک کا فضائی دورہ کیا۔
فضائی دورے کے دوران وزیر داخلہ نے صوابی ، پتھرگڑھ موٹروے سیکشن پر مجموعی صورتحال کا جائزہ بھی لیا اور سکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے ہیں۔
انہوں نے ایف سی اور رینجرز کے افسران اور اہلکاروں کی جانب سے انتہائی جانفشانی سے ڈیوٹیاں سرانجام دینے پر انہیں سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ کسی کو وفاقی دارالحکومت میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ انتظامیہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔