Sunday, 24 November 2024, 10:36:08 pm
 
عوام نے احتجاج کی کال دینے والوں کومستردکردیا،احسن اقبال
November 24, 2024

منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عوام نے احتجاج اور دھرنوں کیلئے مسلسل اپیل کرنے والوں کو مسترد کردیا ہے اورتحریک انصاف کا آج کا ڈرامہ بھی ناکام ہوگا ۔

منصوبہ بندی کے وزیر نے آج(اتوار) لاہور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری سے بخوبی عہدہ براں ہونے کیلئے مناسب احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کامیاب معاشی پالیسیوں کی بدولت خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف اقتصادی ترقی کیلئے جلد ہی پانچ سالہ منصوبے کا اعلان کریںگے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے اپنے ذاتی مفاد کیلئے خوشحالی کے اس سفر میں رکاوٹیں ڈالنے کے مذموم عزائم رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی ایک مرتبہ پھر معمولات زندگی کو متاثر کرکے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ کرناچاہتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیاجائے گا اور شرپسندوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا ۔

احسن اقبال نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عدالت کے سزا یافتہ ہیں اور انہیں کسی دھرنے یا احتجاج کی بجائے قانونی طریقے سے ہی رہا کیاجاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کو عدالتوں کے ذریعے ہی اپنا نام ہرمقدمے سے خارج کرانا ہوگا۔