Thursday, 19 September 2024, 06:05:26 am
 
آئینی پیکج مکمل اتفاق رائے کے بعد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائیگا،وزیردفاع
September 16, 2024

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئین پیکج مکمل اتفاق رائے کے بعد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائیگا۔

آج (پیر)تیسرے پہر قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی دلی خواہش ہے کہ مجوزہ آئینی پیکج پر زیادہ سے زیادہ اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ اس کا مقصد ایک شخصیت یا ایک سیاسی جماعت کو مضبوط بنانا نہیں بلکہ پارلیمان کو آئین کے مطابق مضبوط کرنا ہے۔

وزیردفاع نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے میثاق جمہوریت پر دستخط کئے تھے اور ہماری کوششیں ہے کہ آئین میں اس وسیع البنیاد متفقہ دستیاویز سے ہم آہنگ ترامیم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم عدلیہ پر بوجھ کم کرنا چاہتے ہیں اور لوگوں کی زندگیوں میں آسانی لانا چاہتے ہیں تو اس میں کوئی سیاسی مفاد نہیں ہے۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اسد قیصر کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ آئینی پیکج کے بارے میں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ مسودے پر اتفاق رائے پیدا کیاجائے۔

اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن جماعتوں سے کہاکہ وہ بے جا تنقید کی بجائے مثبت تجاویز لیکر آئیں اوریقین دلایا کہ ان تجاویز کو بھی شامل کیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد گزشتہ سات عشروں سے مصائب کا شکار افراد کو ریلیف کی فراہمی ہوناچاہئیے۔

وزیر قانون نے کہاکہ آئینی ڈھانچے کے مطابق قانون سازی پارلیمنٹ کا استحقاق ہے۔

انہوں نے کہاکہ مجوزہ پیکج میں اٹھارویں ترمیم کے مطابق عدالتی کمیشن کی تشکیل شامل ہے عدالتی کمیشن کو ہائی کورٹ کے ججوں کی کارکردگی کاجائزہ لینے کا اختیار دیاگیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہاکہ آئینی پیکج پر بحث خوشگوار ماہول میں ہونی چاہیے۔

انہوں نے حزب اختلاف پر زوردیا کہ وہ مل بیٹھ کر ملک کی بہتری کیلئے کام کرے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کی شاہدہ بیگم نے کہاکہ ہم کسی بھی اچھی قانون سازی کا حصہ ہوںگے۔

انہوں نے کہاکہ قانون سازی پر اتفاق رائے وقت کا تقاضا ہے۔

ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانابھی آئینی پیکج کا حصہ ہوناچاہیے۔

اس موقع پر اسد قیصر اورمحمود اچکزئی نے بھی خطاب کیا۔

ایوان کا اجلاس اب غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیاگیا ہے۔