Thursday, 19 September 2024, 08:59:27 pm
 
آئینی ترامیم کے حوالے سے مشاورت جاری ہے،وزیراطلاعات
September 18, 2024

فائل فوٹو

اطلاعات و نشریات کے وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں میں وسیع پیمانے پر مشاورت کا عمل جاری ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے الگ آئینی عدالتوں کے قیام کی کئی ملکوں میں مثالیں موجود ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ الگ آئینی عدالت کے قیام کا واحد مقصد عدالت ِ عظمیٰ پر بوجھ کم کرنا، شہریوں کے آئینی امور اور دیگر مقدمات کی سماعت اور انہیں الگ الگ پلیٹ فارمز سے احسن انداز میں نمٹانا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مجوزہ ترامیم کا مسودہ تیار کیا ہے اور اتفاق ِ رائے پیدا کرنے کی غرض سے وسیع تر مشاورت کیلئے سیاسی جماعتوں سے اِس کا تبادلہ کیا ہے۔

انہوں نے حزب اختلاف پر زور دیا کہ وہ ابہام پیدا کرنے اور افواہیں پھیلانے سے گریز کریں کیونکہ یہ پاکستان کی سا لمیت اور آئین کا معاملہ ہے۔