Thursday, 19 September 2024, 05:55:51 am
 
ایشیائی ترقیاتی بنک کا پاکستان کیساتھ تعاون جاری رکھنے کا عزم
September 16, 2024

ایشیائی ترقیاتی بنک نے پاکستان کو اسکے ترقیاتی اور اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے مسلسل تعاون کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار بنک کے صدر Masatsugu Asakawa نے آج(پیر کو) اسلام آباد میں اقتصادی امور کے وزیر احد چیمہ سے ملاقات کے دوران کیا۔

ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر نے جامع اصلاھات کرنے پر حکومت کو سراہا جن کی بدولت ملکی معیشت کی بحالی کیلئے خوش آئندہ صورتحال پیدا ہوئی۔

احد چیمہ نے پاکستان کیلئے ایشیائی ترقیاتی بنک کی دیرینہ اور غیر متزلزل حمایت کو سراہتے ہوئے صدر کو حکومت کی مختلف اصلاحات کے بارے میں بتایا۔

ان اہم اصلاحات میں ٹیکس محاصل میں اضافہ، توانائی کے شعبے کے مالی استحکام کی بہتری، بلاامتیاز سبسڈی میں کمی اور سماجی تحفظ میں اضافہ شامل ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے استحکام کیلئے سخت اور ضروری اقدامات کو سراہا جن کا مقصد ملک میں بڑے پیمانے پر اقتصادی استحکام لانا ہے۔

اے ڈی بی کے صدر نے پاکستان کو سرکاری ونجی شراکت داری، موسمیاتی اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافے، ملکی وسائل کی ترقی، مالیاتی شعبے میں خواتین کی شمولیت کے فروغ اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے شعبوں میں مسلسل تعاون کا یقین دلایا۔