Thursday, 19 September 2024, 06:05:08 am
 
وزیراعظم کا اوزون کی تہہ کے تحفظ کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ
September 16, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے اوزون کی تہہ کے تحفظ کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے جو سورج کی نقصان دہ الٹرا وائیلیٹ شعاعوں سے زمین پر زندگیوں کے تحفظ میں مددگار ہوتی ہے۔

آج (پیر) اوزون کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے انسانی سرگرمیوں کے باعث اوزون کی تہہ کو نقصان پہنچ رہا ہے جس کے نتیجے میں اوزون میں سوراخ بن رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے کنونشنز پر دستخط کرنے اور انیس سو بانوے کے مونٹریال پروٹوکول کی توثیق کرنے والے اہم ملک کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان نے انیس سو چھیانوے میں ایک فعال قومی اوزون یونٹ قائم کیا تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم کئی صنعتوں کو اوزون دوست ٹیکنالوجی پر منتقل کرکے اگلے سال تک نقصان دہ گیسوںکے اخراج میں 67اعشاریہ پانچ فیصد کمی کا ہدف پورا کرنے کی راہ پر گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوزون کی تہہ کے تحفظ کیلے ہماری اجتماعی کوششیں ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کیلئے ہماری لگن کی عکاس ہیں۔