Friday, 22 November 2024, 03:13:33 pm
 
پاکستان خطے کا تجارتی اور راہداری مرکز بننے کی راہ پر گامزن ہے،وزیراعظم
March 17, 2021

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں تجارتی اورراہداری مرکز بننے کی جانب گامزن ہے انہوں نے بدھ کے روز اسلام آباد میں پہلے دو روزہ اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملکوں میں امن کے بغیر معاشی خوشحالی برقرار نہیں رہ سکتی اور اسی لئے خطے کیلئے میری سوچ امن کا قیام ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان میں سو سے زائد تھنک ٹینکس اور یونیورسٹی شعبوں کو پالیسی سازوں سے منسلک کرنے کے قومی سلامتی ڈویژن پورٹل کا اجراء بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دینے کا وعدہ پورا کرنا چاہئے۔عمران خان نے کہا کہ انہوں نے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی لیکن بدقسمتی سے بھارت نے پانچ اگست دو ہزار انیس کو مقبوضہ کشمیر میںغیر قانونی اقدامات کئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان کشمیر بنیادی مسئلہ ہے اور اگر کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دیکر کشمیر کے مسئلے کا پُرامن حل نکالا جاتا ہے تو یہ دونوں ملکوں کیلئے فائدے مند ہو گا، انہوں نے کہا کہ بھارت کو پہلا قدم اٹھاتے ہوئے آگے بڑھنے کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہو گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں سیاسی تصفیے کا خواہاں ہے جس سے پائیدار امن قائم ہو گا، انہوں نے کہا کہ خطے میں روابط کے فروغ کیلئے بھی افغانستان میں امن کا قیام اہم ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان معاشی خوشحالی اور انسانی فلاح و بہبود کے قومی عزم کے حصول کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کرنے پر بری فوج، حساس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے سویلین اداروں کی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج قومی سلامتی میں کئی ایسے پہلو شامل ہیں جو ماضی میں نظر انداز کئے گئے جن میں موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ اور معاشی خوشحالی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت میں ملک حسابات جاریہ کے خسارے پر قابو پانے، برآمدات میں اضافے کی کوششوں اور براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری کے قابل ہوا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت عالمی سطح پر سراہے جانے والے دس ارب درخت لگانے کے منصوبے سمیت موسمیاتی تحفظ کے خصوصی پروگراموں پر عملدرآمد کر رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ ان کی حکومت نے احساس اور پناہ گاہ پروگراموں اور ملکی تاریخ میں رقم کی سب سے بڑی منتقلی کو شفافیت سے مکمل کرنے کے منصوبوں کے ذریعے انسانی فلاح و بہبود کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے غریبوں کو تحفظ دیتے ہوئے کورونا وباء کا کامیابی سے مقابلہ کیا، انہوں نے کہا کہ دنیا بھی ہماری کامیابی کا اعتراف کرتی ہے۔