File Photo
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ریاست کے تمام اداروں کے ساتھ حکومت کے بہترین تعلقات ہیں۔
ملتان میں لوگوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکو مت کو حزب اختلاف سے کوئی خطرہ نہیں اور وہ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔شاہ محمود قریشی نے حزب اختلاف کی جماعتوں سے کہا کہ وہ ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں کیونکہ حکومت کو گرانے کی انکی خواہش پوری نہیں ہوگی ۔معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی حکومت کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے اور حکومت عام آدمی پر اس کا بوجھ کم کرنے کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کرونا کی وباء سے پوری عالمی معیشت متاثر ہوئی ہے ،یہی وجہ ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے حکومت ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہوئی ہے۔
افغانستان کے بارے میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ملک میں امن و استحکام کا خواہاں ہے جو خطے میں امن کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحتی کوششیں جاری رکھے گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بعض طاقتیں افغانستان کو غیر مستحکم بنانے کی خواہاں ہیں لیکن اُنہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں قیام امن علاقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھی ناگزیر ہے۔