وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے سخت محنت سے حاصل کردہ وسیع تر استحکام کو فروغ دینے کا عزم کررکھا ہے تاکہ ملکی معیشت مزیدمستحکم کی جاسکے۔
انہوں نے اتوار کے روز اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں کے نتیجے میں افراط زر اڑتیس فیصد سے کم ہوکر صرف سات فیصد رہ گئی ہے اور پالیسی ریٹ بائیس فیصد سے کم ہوکر پندرہ فیصد پر آگیا ہے جبکہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائردوہفتے کی درآمدی مالیت سے بڑھ کر ڈھائی ماہ کی درآمدی مالیت پر آگئے ہیں۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ عالمی برادری‘مالیاتی اداروں اور درجہ بندی طے کرنے والے اداروں نے ملکی معیشت کو خسارے سے نکال کر فاضل معیشت تک پہنچانے کے لئے حکومت کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔
IMF کے وفد کے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مذاکرات کا جاری عمل ہے اور اس سلسلے میں توانائی اورSOE اصلاحات نجکاری کے ایجنڈے اور سرکاری شعبے کی سرمایہ کاری پر مذاکرات ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باہمی اعتماد اور بھروسے کے لئے ایسی گفت و شنیدمذاکرات ضروری ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہاکہ ہم نے وفاقی حکومت کی وزارتوں کی تعداد کم کرنے کے بارے میں اپنے عزم و ارادے سے IMFکو آگاہ کیا ہے۔