وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا ہے جس کا مقصد شفافیت یقینی بنانا اور ایف بی آر کی خدمات کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں اس نظام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایف بی آر افسران کو عوامی پذیرائی، ترقی اور مالی فوائد دیئے جائیں گے جبکہ نااہل افسران کو سزا یقینی بنائی جائے گی۔
وزیراعظم نے ایف بی آر ڈیلیوری یونٹ کو قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے ٹیکس کے نظام کو عصری تقاضوں کے مطابق اور ملک کی آمدن میں اضافے کے لئے ڈھالا جاسکے گا۔
شہبازشریف نے کہا کہ وصولیوں میں گزشتہ سال کی نسبت ستائیس فیصد اضافہ ہوا جو ایک بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے محصولات کے ملکی نظام، کسٹم اور سیلز ٹیکس سمیت مختلف پلیٹ فارمز میں زیرالتواء اربوں روپے مالیت کے ٹیکس کے متعلقہ مقدمات نمٹانے کے عمل کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔