Saturday, 19 April 2025, 02:30:06 pm
 
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات
April 18, 2025

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پندرہ سال کے تعطل کے بعد ڈھاکہ میں سیکرٹری خارجہ کی سطح کے مذاکرات کا چھٹا دور ہوا۔

سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور ان کے بنگلہ دیشی ہم منصب محمد جاشم الدین نے مشاورت کے دوران اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔

یہ مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے جو دوطرفہ روابط کو بحال کرنے کے مشترکہ عزم کے آئینہ دار ہیں۔

فریقین نے باقاعدہ ادارہ جاتی مذاکرات زیرالتواء معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے اور تجارت' زراعت' تعلیم اور روابط میں تعاون بڑھانے کے ذریعے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے کی اہمیت پر زوردیا۔

فریقین نے روابط کو ترجیح دینے کو تسلیم کرتے ہوئے کراچی اور چٹاگانگ کے درمیان براہ راست جہاز رانی کے آغاز کا خیرمقدم کیا اور براہ راست فضائی روابط بحال کرنے کی اہمیت پر زوردیا۔

کثرالجہتی امور کے بارے میں فریقین نے بانی اصولوں کے مطابق سارک کو دوبارہ فعال بنانے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔

سیکرٹری خارجہ نے بنگلہ دیش کے مشیراعلیٰ پروفیسر محمد یونس اور مشیر خارجہ محمد توحید حسین سے بھی الگ الگ ملاقات کی۔

ان ملاقاتوں میں علاقائی اور معاشی روابط اور بیرونی دباؤ سے مبرا دوطرفہ روابط کی اہمیت پر توجہ مرکوز کی گئی۔