Sunday, 08 September 2024, 04:30:05 am
 
نائب وزیراعظم کا جاگراں ون ہائیڈرو پاور پلانٹ کا دورہ،کارکردگی پراظہاراطمینان
June 18, 2024

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار نے منگل کو آزادجموں وکشمیر کے ضلع نیلم میں جاگران ون پن بجلی گھر کا اچانک دورہ کیا۔نائب وزیراعظم نے تیس اعشاریہ چار میگاواٹ کے جاگران دن پن بجلی گھرکی بہتر کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس منصوبے کی 1997ء سے 1999ئکے دوران سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے دور میں منظوری اور فنڈنگ دی گئی تھی جب سینیٹر اسحاق ڈار وزیر خزانہ تھے۔نائب وزیراعظم نے منصوبے کے انجینئرز، ٹیکنیشنز اور کارکنوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور منصوبے کیلئے حکومت کی مکمل حمایت کا اظہار کیا جس سے پاکستان میں توانائی کی قلت پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے۔

 جاگران ون پن بجلی منصوبہ پہلی بار انیس سو پچانوے میں شروع کیا گیا اور اس وقت کے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں اس پر کام تیز ہوا۔نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے جو اس وقت وزیر خزانہ اور قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر کام کر رہے تھے اس نظرثانی شدہ منصوبے کو فوری طورپر منظورکرایااور اس کی بروقت تکمیل یقینی بنائی۔جاگران ون پن بجلی منصوبے کا افتتاح اکتوبر 2000ء میں ہوا اور اس نے سالانہ تیرہ کروڑ یونٹ سے زائد بجلی پیدا کرنا شروع کی۔یہ بجلی گھر قومی گرڈ سے ایک سو بتیس کلوواٹ ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے براہ راست منسلک ہے اور ملک کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔