Monday, 16 September 2024, 11:53:36 pm
 
وی پی این کا استعمال انٹرنیٹ کی سست روی کا سبب ہے،شزہ فاطمہ
August 18, 2024

 انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات کی وزیر مملکت شزا فاطمہ نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سست روی میں حکومت کے ملوث ہونے کی اطلاعات کو مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے  اتوار کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وضاحت کی کہ مخصوص ایپس کے ساتھ مسائل ڈائون لوڈ کرنے میں مشکلات کا باعث بن رہے ہیں جس سے وی پی این کا استعمال بڑھ رہاہے جو انٹرنیٹ کی رفتار سست کرنے کا موجب  ہے تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے یہ مسائل حل کرلیے گئے ہیں، شزا فاطمہ نے کہا حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی کیلئے پرعزم ہے۔

حکومت کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہاکہ گزشتہ مالی سال میں انفارمیشن اور مواصلات کی ٹیکنالوجیز کی ترسیلات زر تین ارب بائیس کروڑ30 لاکھ ڈالر تک بڑھ گئی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں یہ دو ارب انسٹھ کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں، انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی جانب سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں اضافے کیلئے کیے گئے اقدامات کے باعث ہوا۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے امور کو کاغذ کے بغیر چلانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اسلام آباد اورکراچی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس قائم کر رہی ہے اور اس سلسلے میں اسلام آباد انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک آئندہ سال مارچ میں مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے ملک بھر میں ای روزگار مراکزمیں توسیع کے بارے میں کہا کہ آن لائن روزگارمواقع کے فروغ کیلئے دوسو سے زائد مراکز قائم کیے گئے ہیں۔