منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت نے خوردنی تیل کی قیمت میں پینتالیس سے پچاس روپے فی کلو کمی کرنے کا باضابطہ فیصلہ کیا ہے۔
پیر کے روزاسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل میں محصولات کم کر کے یہ مقصدحاصل کیا جائے گا۔وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے کہا کہ خوردنی تیل پر سیلزٹیکس سترہ فیصد سے آٹھ اعشاریہ پانچ صفر فیصد کم اور فی ٹن کسٹم ڈیوٹی آدھی اور اضافی کسٹمز ڈیوٹی ختم کر دی جائے گی۔اسد عمر نے کہا کہ معاشرے کے غریب طبقے کو اشیائے ضروریہ پر اعانت کے اہداف بڑھانے کیلئے ایک پروگرام تشکیل دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آئندہ چند دنوں میں اس پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرینگے جبکہ اس پروگرام کے فوائد عوام تک آئندہ ماہ کے آخر تک پہنچنا شروع ہو جائینگے۔اسد عمر نے کہا کہ عالمی منڈی میں گزشتہ بارہ ماہ سے زائد عرصے میں خام تیل کی قیمتوں میں اکاسی اعشاریہ پانچ پانچ فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ پاکستان میں تیل کی قیمتیں صرف سترہ اعشاریہ پانچ پانچ فیصد بڑھائی گئی ہیں۔