پاکستان نے نیشنل ڈویلپمنٹ کمپلیکس اور تین تجارتی اداروں پر پابندیاں عائد کرنے کے امریکی فیصلے کو بدقسمتی اور متعصبانہ قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق فیصلے سے امن و سلامتی کے مقصد کی نفی ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سٹریٹجک صلاحیتوں کا مقصد اپنی خودمختاری کا دفاع اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی پالیسیوں کے خطے اور اس سے باہر کے سٹریٹجک استحکام کے لئے خطرناک اثرات مرتب ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا سٹریٹجک پروگرام ایک مقدس امانت ہے جسے چوبیس کروڑ لوگوں نے اس کی قیادت کو دیا ہے۔ اس اعتماد کے تقدس کو پورے سیاسی میدان میں سب سے زیادہ عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور اس پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
دفتر خارجہ کا یہ ردعمل امریکہ کی جانب سے پاکستان کے نیشنل ڈویلپمنٹ کمپلیکس، ایفیلیئٹس انٹرنیشنل، اختر اینڈ سنز پرائیویٹ لمیٹڈ اور راک سائیڈ انٹرپرائز کو پابندیوں کیلئے نامزد کیے جانے کے بعد سامنے آیا۔