Monday, 21 April 2025, 04:11:36 pm
 
صدر،وزیراعظم کا قوم پرعلامہ اقبال کے افکارپرعمل کرنےپر زور
April 21, 2025

صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے علامہ محمداقبال کی برسی کے موقع پر اپنے پیغامات میں قوم پرزوردیا ہے کہ وہ شاعرمشرق کے افکارپرعمل پیرا ہوکر پاکستان کو ایک مضبوط ، خودمختار اورترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے مشترکہ کوششیں کریں۔

صدرمملکت نے اپنے پیغام میں اہل وطن پرزوردیا کہ وہ علامہ اقبال کی تعلیمات پرعمل کریں تاکہ پاکستان کو تمام شہریوں کیلئے یکساں سماجی اورمعاشی انصاف فراہم کرنے والاملک بنایاجاسکے۔انہوں نے علامہ اقبال کی سیاسی اورفکری خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال نہ صرف شاعرتھے بلکہ ایک دوراندیش رہنما بھی تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانو ں کے لئے علیحدہ وطن کا تصورپیش کیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ علامہ اقبال وہ پہلے مفکر تھے جنہوں نے انیس سوتیس میں اپنے خطبہ الہ آباد میں برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ ریاست کا تصور پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے اس تصورکو قائداعظم کی قیادت میں عملی شکل دی گئی اور قیام پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔