Friday, 22 November 2024, 05:48:12 pm
 
توانائی کےشعبےکی استعداد کاربڑھانے کیلئے اصلاحات متعارف کرائی ہیں:عمرایوب
June 21, 2021

اقتصادی امور کے وزیر عمر ایوب خا ن نے کہاہے کہ حکومت نے توانائی کے شعبے کی استعداد کار بڑھانے کیلئے دوررس اصلاحات متعارف کرائی ہیں ۔

پیر کے روز قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ کی سابقہ حکومت نے بجلی کے مہنگے معاہدے کئے اور ملک کو بھاری ادائیگیوں کی صورت میں ان معاہدوں کے نتائج بھگتنے پڑے ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے چار ہزارمیگاواٹ کے قابل تجدید تونائی منصوبے روک دیئے تھے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے قابل تجدید توانائی پالیسی بنائی اور مجموعی پیداوارمیں قابل تجدیدتوانائی کا حصہ بڑھانے کیلئے ان منصوبوں کو دوبارہ شروع کیا ۔انہوں نے کہاکہ ان منصوبوں سے ملک کو اگلے پندرہ سال میں 4ہزار ارب کا فائدہ ہوگا ۔اقتصادی امور کے وزیر نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے قطر کے ساتھ ایل این جی کا سستا معاہد کیا جس سے ملک کو دس سال میں 3ارب 50کروڑ ڈالر کی بچت ہوگی ۔انہوںنے کہاکہ ہم نے بجلی کی تقسیم اور ترسیل کے نظام میں بہت بڑی سرمایہ کاری کی ہے ، گردشی قرض کا مسئلہ حل کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں کی جانی چاہئیں کیونکہ یہ ملکی ترقی کیلئے اہم ہے ۔