انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکشن کی وزیرمملکت شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت کئی اقدامات کے ذریعے آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔
اسلام آباد میں SANOG-42 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی ٹی کی وزیر مملکت نے کہاکہ ڈیٹا نیٹ ورکس ، کلائوڈ کمپیوٹنگ ، مصنوعی ذہانت اور فائیو جی میں نئی ایجادات ہماری اقتصادی ترقی کیلئے انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں اضافے اور مجموعی، محفوظ اور پائیدار ٹیکنالوجیز کی ترقی کیلئے علاقائی تعاون ناگزیر ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ہماری ڈیجیٹل پاکستان پالیسی کا مقصد ای گورننس، سائبر سیکیورٹی اور کاروباری ماحول کو بہتربنانا ہے ۔شزہ فاطمہ نے کہاکہ ٹیلی کام کے شعبے نے ہماری معیشت میں کلیدی کردارادا کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ نیشنل FIBERIZATION پالیسی اور سپیکٹرم شیئرنگ جیسی پالیسیوں کے ساتھ فائیو جی سپیکٹرم کی 2025 کے اوائل میں ہونے والی نیلامی مزید ترقی کا باعث ہوگی۔آئی ٹی کی وزیرمملکت نے کہاکہ ہم بالخصوص سائبر سیکورٹی میں نوجوانوں کی تربیت پرتوجہ مرکوز کریں گے تاکہ مستقبل کیلئے تربیت یافتہ افرادی قوت کا حصول یقینی بنایاجاسکے۔