Wednesday, 22 January 2025, 02:06:07 pm
 
وزیراعظم کی چین میں تربیت کیلئے طلباء کا میرٹ پر انتخاب یقینی بنانے کی ہدایت
January 22, 2025

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ زرعی تربیت کے لیے چین بھیجے جانے والے طلباء کے انتخاب میں شفافیت اور میرٹ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اُنہوں نے ہدایت کی کہ پورٹل کے ذریعے درخواستوں کی جانچ پڑتال کے دوران انتخاب کے معیار پر پورا نہ اُترنے والے طلباء کی شکایات کے حل کیلئے ایک کمیٹی قائم کی جائے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت چین میں پاکستانی طلباء کی جدید زرعی تربیت کے تمام اخراجات برداشت کرے گی اور طلباء کا پہلا بیچ جلد چین کے لیے روانہ ہو گا۔

اُنہوں نے کہا کہ چین میں اس زرعی تربیت کے موقع سے استفادہ کیلئے بلوچستان کے طلباء کے لیے دس فیصد خصوصی کوٹا مختص کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چین ، پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور اس نے زراعت کے شعبے میں بے مثال ترقی کی ہے۔

اُنہوں نے پاکستانی طلباء کو چین میں جدید زرعی تربیت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنے پر چینی قیادت اور یونیورسٹیوں کا شکریہ ادا کیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ان طلباء کو دو بیچز میں چین بھیجا جائے گا۔