Saturday, 27 July 2024, 12:53:19 pm
ایران کے صدر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں
April 22, 2024

ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی تین روزہ سرکاری دورے پر آج (پیر) پاکستان پہنچ رہے ہیں۔جس کے دوران وہ پاکستانی قیادت سے مختلف شعبوں میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایرانی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا جس میں وزیرخارجہ ، کابینہ کے دیگر ارکان، اعلیٰ حکام اور ایک بڑا تجارتی وفد بھی شامل ہو گا۔دورے کے دوران ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف، سینیٹ کے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی اور قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات کرینگے۔ وہ لاہور اور کراچی بھی جائیں گے اور صوبائی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ان ملاقاتوں کے ایجنڈے میں پاک ایران تعلقات کو مزیدمضبوط بنانااورتجارت، روابط، توانائی، زراعت اور عوام سے عوام کی سطح پر رابطوںسمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا فروغ شامل ہے۔دونوں ملکوں کے رہنما دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کیلئے علاقائی وعالمی صورتحال اور باہمی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کریںگے۔