اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کے زرعی شعبے کو ترقی دینے پر خصوصی توجہ دی ہے۔
لاہور میں اطلاعات کے بارے میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی حسن خاور کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے نہ صرف زراعت کو ترقی دینے بلکہ بر آمدات بڑھانے پر بھی توجہ مرکوز کی۔فرخ حبیب نے کہا کہ موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے گنے کی پیداوار میں پچیس فیصد ، چاول اٹھارہ فیصد جبکہ کپاس کی پیداوار میں ساٹھ فیصد اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں او ر ملک پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جلد ایک ''فوڈسپورٹ ''پروگرام کا اجراء کریں گے جس کے تحت رعایتی نرخوں پر راشن فراہم کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ خیبرپختونخوا کی پوری آبادی کو فراہم کئے گئے ہیں اور پنجاب کے عوام کو بھی جلد ہیلتھ کارڈ کی یہ سہولت فراہم کر دی جائے گی۔