Wednesday, 12 March 2025, 04:30:58 pm
 
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہِ راست تجارتی تعلقات کی بحالی ایک اہم سنگ میل
February 24, 2025

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہِ راست تجارتی تعلقات کی بحالی دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

تفصیلات کے مطابق 1971 کے بعد پہلی بار دونوں ملکوں کے درمیان حکومتی سطح پر براہِ راست تجارت دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔اِس سلسلے میں بنگلہ دیش نے پاکستان سے 50 ہزار ٹن چاول خریدنے کے ایک معاہدے پر دستخط کئے۔بنگلہ دیش کو چاول برآمد کرنے کا یہ معاہدہ رواں ماہ کے آغاز میں ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان کے ذریعے طے پایا۔اِس معاہدے کے تحت 25 ہزار ٹن چاول کی پہلی منظور شدہ سرکاری کھیپ پورٹ قاسم سے روانہ کر دی گئی ہے جبکہ دوسری کھیپ مارچ کے شروع میں بھیجی جائے گی۔اسی طرح پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کا مال بردار جہاز پہلی بار بنگلہ دیش کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو گا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جہاز رانی کے راستوں کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان نئی تجارتی راہیں بھی کھلیں گی ۔دونوں ممالک کے درمیان سرکاری تجارتی تعلقات کی بحالی خطے میں معاشی استحکام کے لئے مثبت علامت ہے۔