قومی تحفظ خوراک اور تحقیق کے وزیر رانا تنویر حسین نے پاکستان کی جانب سے عالمی منڈی میں حلال گوشت کی برآمد بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنے کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے آج(منگل کو) اسلام آباد میں جانوروں کی بہبود کے پہلے فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لائیوسٹاک پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار کا سولہ اعشاریہ چھ تین فیصد ہے اور زراعت کے حوالے سے مجموعی ملکی پیداوار میں اس کا حصہ ساٹھ اعشاریہ آٹھ چار فیصد ہے جس کے ذریعے بالخصوص دیہی علاقوں میں لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔
رانا تنویر نے پاکستان میں جانوروں کی صحت اور بہبود کے لئے وفاقی سطح پر قانون سازی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ لائیوسٹاک کے شعبے کے استحکام سے نا صرف تحفظ خوراک کے شعبے میں بہتری آئے گی بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی اس کا کردار انتہائی اہم ہوگا۔