Wednesday, 25 December 2024, 08:04:06 pm
 
پاکستان انسانی حقوق کی تمام ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے پرعزم ہے،دفترخارجہ
December 25, 2024

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان انسانی حقوق کی تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ فوجی عدالتوں کے حالیہ فیصلوں پر بیانات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قانونی نظام انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون سے ہم آہنگ ہے جس میں شہری

اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی میثاق کی دفعات بھی شامل ہیں۔

اس میں اعلیٰ عدالتوں کے ذریعے عدالتی نظرثانی کا حل موجود ہے اور انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے فروغ اور تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ فیصلے پاکستان کی پارلیمنٹ کے بنائے گئے قانون کے تحت اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس اسکیم اور بنیادی بین الاقوامی انسانی حقوق کے کنونشنز کے تحت اپنے وعدوں پر عمل درآمد کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔