Wednesday, 25 December 2024, 08:26:25 pm
 
قوم نےآج قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت منایا
December 25, 2024

 قوم آج(بدھ کو) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی ایک سو اڑتالیس ویں سالگرہ اس عہد کی تجدید کے ساتھ منائی گئی کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے انتھک محنت کی جائیگی۔

آج عام تعطیل تھی جبکہ تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا دن کا آغاز وفاقی دارلحکومت اور صوبائی دارلحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوا۔

قائداعظم 1876 کو آج کے دن کراچی میں پیدا ہوئے ۔

انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے قیام کے لئے تحریک کی قیادت کی۔

محمد علی جناح پیشے کے لحاظ سے ایک وکیل اور سیاستدان تھے۔ انہوں نے 1913 سے قیام پاکستان تک آل انڈیا مسلم لیگ کے رہنما کے طور پر خدمات انجام دیں اور پھر وہ گیارہ ستمبر 1948 کو اپنی وفات تک پاکستان کے پہلے گورنر جنرل کے طور پر اس عہدے پر فائز رہے۔

محمد علی جناح نے اپنے سیاسی تدبر سے برطانوی نمائندوں وائسرائے اور لارڈز کے ساتھ ساتھ انڈین نیشنل کانگریس کے رہنمائوں مہاتماگاندھی اور جواہرلعل نہرو کو بھی 1947 میں برطانوی بھارت کو پاکستان اور بھارت میں تقسیم کرنے کیلئے قائل کرلیا تھا۔

آل انڈیا مسلم لیگ نے 1946 کے انتخابات میں مسلمانوں کیلئے مخصوص سب سے زیادہ نشستیں حاصل کیں جس کے نتیجے میں برطانوی پارلیمنٹ نے اٹھارہ جولائی1947 کو انڈین Indepedence ایکٹ کی منظوری دی۔

سوانح نگار Stanley Wolpert کے مطابق ایسی شخصیات بہت کم ہیں جنہوں نے تاریخ کا دھارا موڑ دیا اور ایسی ہستیاں تو اور بھی بہت کم ہیں جنہوں نے دنیا کا نقشہ ہی بدل ڈالا لیکن ایسا کوئی بھی شخص نہیں جس نے ایک قوم کی تعمیر کی ہو اور جناح نے تن تنہا یہ تینوں کارنامے انجام دیے۔

صبح کراچی میں قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے فرائض سنبھال لئے۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کمانڈنٹ میجر جنرل افتخار حسن چودھری اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا' مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر بابائے قوم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

لاہور میں مختلف سرکاری محکموں اور اداروں نے قائداعظم کے نصب العین اور پیغام کو اجاگر کرنے کیلئے سیمینار، کانفرنس، مباحثوں اور مقابلوں سمیت مختلف تقریبات منعقد کیں۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر اپنے پیغام میں مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے قیام کیلئے قائداعظم محمد علی جناح کی دانشمندانہ قیادت اور انتھک جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے پیغام میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

مظفرآباد میں بابائے قوم کی یاد میں کے ایچ خورشید کے مزار پر ایک تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر مقررین نے قائداعظم محمد علی جناح کی دوراندیشی، نصب العین اور عزم واستقلال پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم برصغیر کے مسلمانوں کی مضبوطی کی علامت تھے۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے تقریب میں شرکت کی۔

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ انکی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہے۔