Wednesday, 25 December 2024, 07:44:30 pm
 
صدر،وزیراعظم کاپاکستان کو قائداعظم کے ویژن کے مطابق بنانے کا عزم
December 25, 2024

صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کے جمہوری، جامع اور خوشحال قوم کے وژن

کی عکاسی کرتا ہو۔

قائداعظم محمد علی جناح کے 148ویں یوم ولادت پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم کے وژن اور غیرمتزلزل عزم کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کا قیام عمل میں آیا۔انہوں نے کہا کہ ایک جمہوری اور خود انحصار پاکستان کے لیے جناح کا وژن ہم سے سماجی انصاف، معاشی مساوات اور قانون کی حکمرانی کی اقدار کو برقرار رکھنے کے لیے مزید محنت

کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں قائد اعظم کے ویژن سے طاقت حاصل کرتے ہوئے قوم کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے انتھک محنت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم اس خاص دن کی یاد مناتے ہیں تو آئیے قائداعظم کی وراثت سے طاقت حاصل کریں اور ان اقدار سے اپنی وابستگی کا اعادہ کریں جن کے لئے وہ ڈٹے رہے۔

آج قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے پرمسرت موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے ایک بیان میں مسلح افواج نے قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے رہنما اصولوں کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کی تجدید کی۔

بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج قائداعظم کی لازوال وژن اور بے مثال قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں، جن کی انتھک کوششوں نے ہمارے عوام کو متحد کیا اور ایک خودمختار اور آزاد پاکستان کی بنیاد رکھی۔

مسلح افواج نے بھی کرسمس کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو بھی دلی مبارکباد پیش کی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مسلح افواج مسیحی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے محبت، ہمدردی اور امن کی عالمی اقدار کا جشن مناتی ہیں۔

مسلح افواج نے قوم کی حفاظت اور اپنے عوام اور وطن کی خدمت میں انصاف، مساوات اور ہم آہنگی کے نظریات کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے پر عزم عزم کا اعادہ کیا۔