بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے قائداعظم محمد علی جناح کے متحدہ اور ترقی پسند پاکستان کے حقیقی تصور کی پیروی کرتے ہوئے معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کے زیادہ سے زیادہ فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وہ مسیحی برادری کے تیرہ رکنی وفد سے گفتگو کررہے تھے جس نے پاکستان میں گرجا گھروں کے بشپس کے صدر اور رائیونڈ کے بشپ ڈاکٹر آزاد مارشل کی قیادت میں آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، مذہبی اور بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے مسیحی برادری کیلئے گہرے احترام کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اسلام میں عدم برداشت اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
انہوں نے قومی ترقی، معیاری تعلیم کے فروغ، علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی، خیراتی کاموں اور مادروطن کے دفاع میں پاکستان کی مسیحی برادری کے کردار کی تعریف کی۔
اس موقع پر مسیحی برادری کے وفد نے دہشتگردی سے نمٹنے اور ملک میں اقلیتوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے حوالے سے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے آرمی چیف کے اقدام کو پاکستانی اقلیتوں کیلئے قوم سازی میں مزید فعال انداز میں حصہ لینے اور ایک مربوط اور بردبار معاشرے پر ان کے اعتماد کی بحالی کے حوالے سے متاثر کن قرار دیا۔