وزیراعظم عمران خان نے امیدظاہر کی ہے کہ پاکستان کی بندرگاہیں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ذریعے اہم تجارتی راستوں کی بنیاد فراہم کریں گی۔
انہوں نے پیر کے روزاسلام آباد میں مشیر تجارت اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد سے ملاقات میں تاریخ میں پہلی بار وسط ایشیائی ممالک سے تجارتی تعلقات میں توسیع کی کوششوں کو ترجیح دینے پر وزارت تجارت اور سرمایہ کاری بورڈ کی تعریف کی۔
وسط ایشیائی ممالک سے بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خطے کو بندرگاہوں کے ذریعے رسائی فراہم کرنے کی بڑی صلاحیت ہے۔
ملاقات کے دوران عبدالرزاق داؤد نے وزیراعظم کو ازبکستان کے ساتھ باہمی تعاون اور تجارتی معاہدوں میں پیشرفت اور سرمایہ کاروں کی طرف سے مثبت نتائج کے امکانات پر بریفنگ دی۔